متحدہ عرب امارات اور گوگل کا مصنوعی ذہانت کی تعلیم کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک اشتراک

جمعرات 9 اکتوبر 2025 11:00

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے گوگل کے ساتھ ایک اسٹریٹجک اشتراک کا اعلان کیا ہے جس کے تحت یونیورسٹی طلبا کو گوگل جیمِنی کے پرو پلان کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن فراہم کی جائے گی۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلباء کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جدید ترین ٹولز اور فیچرز سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے، یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کی قومی مصنوعی ذہانت حکمت عملی کے مقاصد کے مطابق جدید ٹیلنٹ ایکو سسٹم تشکیل دینے اور طلباء کو نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے قابل بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور ریموٹ ورک ایپلی کیشنز عمر سلطان العلماء نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت شیخ محمد بن زاید النہیان کی سرپرستی اور نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات کے تحت قومی صلاحیتوں اور معاشرے کو مصنوعی ذہانت کے آلات کے ذریعے ترقی دینے کو اولین ترجیح دیتی ہے تاکہ مہارتوں کے فروغ، صلاحیتوں کی تعمیر، کارکردگی میں بہتری اور اختراعات میں تیزی کے ذریعے عالمی سطح پر قیادت حاصل کی جا سکے اور ایک ایسے مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے جو علم، تخلیقی سوچ اور پائیدار ترقی سے مزین ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اماراتی حکومت نے ایک واضح اور دوراندیش وژن تیار کیا ہے جس کا محور ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے معاشرے کو بااختیار بنانا ہے۔ عالمی اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے مسلسل سیکھنے، اختراع اور قیادت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے جس کے تحت متحدہ عرب امارات ترقی کے سفر کو آگے بڑھا رہا ہے اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں عالمی رہنما کے طور پر اپنی حیثیت کو مستحکم کر رہا ہے۔

گوگل جیمِنی ایپ طلباء کو مختلف سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں معلومات کا خلاصہ تیار کرنا، انٹرایکٹو کوئزز بنانا یا لیکچر نوٹس پر مشتمل مختصر پوڈکاسٹ سننا شامل ہے۔جیمِنی پرو ورژن طلباء کے تعلیمی سفر میں معاون متعدد فیچرز پیش کرتا ہے، جن میں Gemini 2.5 Pro شامل ہے جو پیچیدہ علمی و تحقیقی کاموں میں مدد دیتا ہے جبکہ Deep Research کے ذریعے طلباء سیکڑوں ویب سائٹس سے حاصل شدہ تفصیلی معلومات کے ساتھ تحقیقی رپورٹس تیار کر سکتے ہیں۔

'NotebookLM' طلباء کے لیے ایک فکری معاون ہے جو خیالات کو منظم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور اب یہ پانچ گنا زیادہ آڈیو و ویڈیو اوورویوز کی سہولت دیتا ہے۔ Veo 3 فیچر کے ذریعے صارفین کسی بھی متن یا تصویر کو آٹھ سیکنڈ کی آواز والی ویڈیو میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، اس پیکیج میں 2 ٹیرا بائٹ اسٹوریج بھی شامل ہے جو گوگل ڈرائیو، جی میل اور فوٹوز میں پروجیکٹس، نوٹس اور مواد محفوظ کرنے کے لیے فراہم کی گئی ہے۔اٹھارہ برس سے زائد عمر کے یونیورسٹی طلباء 9 دسمبر 2025 تک اپنی ذاتی ای میل ایڈریس کے ذریعے Gemini 2.5' 'Pro کی بارہ ماہ کی مفت سبسکرپشن کے لیے رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔