آزاد جموں وکشمیر میں دو نئے تعلیمی بورڈز مظفرآباد اور راولاکوٹ کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے،راجہ سجاد احمد ایڈووکیٹ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ کا کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر میں دو نئے تعلیمی بورڈز مظفرآباد اور راولاکوٹ کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے یہ کوئی انا یا ذاتی مفاد کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی مفاد اور تعلیمی ترقی سے وابستہ معاملہ ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں موجودہ تعلیمی ڈھانچہ اب اپنی وسعت کے باعث نئے انتظامی اقدامات کا متقاضی ہے اس وقت ریاست میں آٹھ سے زائد یونیورسٹیاں فعال ہیں اور ہر سال ہزاروں طلبہ ثانوی و اعلیٰ ثانوی امتحانات میں شریک ہوتے ہیں جنہیں انتظامی طور پر محدود بورڈز کے تحت سہولت فراہم کرنا مشکل ہو چکا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس پس منظر میں دو نئے تعلیمی بورڈز کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے تاکہ طلبہ وطالبات کو اپنے قریبی علاقوں میں کم فیس،تیز نتائج اور بہتر تعلیمی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت کا باعث بنے گا بلکہ ریاست کی شرحِ خواندگی میں نمایاں اضافہ کا ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔انھوں نے کہا کہ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (IBCC) اسلام آباد نے 2023 میں اس تجویز کو باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا اس لیے یہ معاملہ کسی علاقائی یا سیاسی وابستگی کا نہیں بلکہ تعلیم، شفافیت، اور ریاستی ترقی کا مظہر ہے۔

متعلقہ عنوان :