ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ شہید بینظیر آباد کا زچہ و بچہ ہیلتھ کیئر سٹر نوابشاہ کا دورہ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:25

نوابشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ شہید بینظیر آباد خان محمد زرداری نے زچہ و بچہ ہیلتھ کیئر سنٹر نوابشاہ کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے مریض بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور اسپتال میں صفائی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر خان محمد زرداری نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات اور صفائی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ خان محمد زرداری نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسپتال میں زیر علاج بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔اس موقع پر زچہ و بچہ صحت مرکز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر علی اکبر سیال اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے نعمان مشتاق نے ریجنل ڈائریکٹر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مرکز میں مختلف اضلاع سے آنے والے مریضوں کو علاج و معالجے کی معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ انتہائی نگہداشت وارڈ (ICU) میں وینٹی لیٹرز اور بستروں کی کمی ہے، جس کی وجہ سے ایک بیڈ پر دو دو بچوں کو رکھا جا رہا ہے۔ جس پر ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ خان محمد زرداری نے یقین دلایا کہ آئی سی یو وارڈ میں مزید بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی فراہمی کے لیے اعلیٰ حکام کو خط لکھا جائے گا تاکہ مریض بچوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔\378