کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں تعزیتی و دعائیہ اجلاس کا انعقاد

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں ایک تعزیتی اور دعائیہ اجلاس منعقد ہوا ،جس میں معروف کشمیری حریت پسند و سینئر صحافی شوکت ابوزر کے فرزند اور نامور تحریکی شخصیت اعجاز گل کے فرزند انزر اعجاز کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اجلاس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے کی۔

اس موقع پر شرکاء نے مرحوم انزر گل کے انتقال کو کشمیری قوم کے لیے ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے یہ چراغ مستقبل کی امید تھے جن کے جانے سے خلا پیدا ہوا ہے۔ اجلاس میں شریک تمام ارکان نے مرحومین کے لیے مغفرت، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس نے شوکت ابوزر اور اعجاز گل کے خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس غم و اندوہ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔

کشمیری عوام کی اجتماعی جدوجہد میں ان خاندانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور تحریکِ آزادی کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔اجلاس میں یہ عزم بھی دہرایا گیا کہ شہداء اور مرحومین کے مشن کو زندہ رکھنے کے لیے جدوجہد کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور نوجوان نسل کو اس بات کا شعور دیا جائے گا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم انزر گل کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے والدین اور خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے اور کشمیری قوم کو اپنی آزادی کی جدوجہد میں کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔اجلاس میں سنیر حریت رہنما محمود احمد ساغر ، اعجاز رحمانی ،شیخ محمد یعقوب ،شیخ عبد المتین ،زاہد اشرف،عبد المجید میر،ظہور احمد اور دیگر افراد نے شرکت کی۔