حج پر جانیوالے ورکرز کے اخراجات پنجاب سوشل سکیورٹی برداشت کرے گی،فیصل ایوب کھوکھر

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) پنجاب سوشل سکیورٹی (پیسی) ہیڈ آفس میں سالانہ حج قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت فیصل ایوب کھوکھر نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر نے تقریب کے دوران خوش نصیب ورکرز کے ناموں کی قرعہ اندازی کی۔

قرعہ اندازی کے ذریعے دس (10) خوش نصیب ورکرز کا انتخاب کیا گیا جنہیں حج بیت اللٰہ کی سعادت حاصل ہوگی۔ کامیاب ورکرز میں لاہور ڈویژن سے کوکب جہاں، ڈی جی خان ڈویژن سے محمد علی، فیصل آباد ڈویژن سے شبیر حسین، بہاولپور ڈویژن سے عبدالقادر، ساہیوال ڈویژن سے محمد منیر، راولپنڈی ڈویژن سے قمر حسین، گوجرانوالہ ڈویژن سے محمد لطیف، گجرات ڈویژن سے عبدالغفور، سرگودھا ڈویژن سے محمد خان اور ملتان ڈویژن سے عبدالحمید شامل ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے خوش نصیب ورکرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پہلے صرف چار ورکرز حج پر جاتے تھے ،اب وزیرِ اعلی پنجاب کے مزدور دوست ویژن کے تحت یہ کوٹہ بڑھا کر دس کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج پر جانے والے ورکرز کے تقریبا پندرہ ملین روپے کے اخراجات پنجاب سوشل سکیورٹی برداشت کرے گی۔اس موقع پر کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی نے بھی منتخب ہونے والے خوش نصیب ورکرز کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ اقدام مزدوروں کی فلاح و بہبود کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

تقریب کے دوران صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کی تمام ڈویژنز سے کل 1055 درخواستیں موصول ہوئیں،جن میں سے میرٹ پر آنے والی درخواستوں کو قرعہ اندازی میں شامل اور پنجاب کی ہر ڈویژن سے ورکرز کا منصفانہ انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔