ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت شہری سہولیات سے متعلقہ امور بارے جائزہ اجلاس

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:50

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہری سہولیات سے متعلقہ مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مین ہولز کے ڈھکن لگانے، گرین بیلٹس کی مرمت و بحالی، غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت اور ایل پی جی گیس کی غیر قانونی ڈی کینٹنگ جیسے مسائل پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب، اسسٹنٹ کمشنر صدر قرۃ العین، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی خلیل احمد اور دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں سے موصول ہونے والی 236 شکایات پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے مین ہولز پر کورز نصب کر دیئے گئے ہیں،اس حوالے سے واسا نے 70 شکایات کا ازالہ کیا۔

(جاری ہے)

ضلع کونسل نے 68 شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ان کو رفع کیا۔میونسپل کمیٹی حاصل پور نے موصول ہونے والی 18پر کارروائی کی،میونسپل کمیٹی یزمان نے 4 موصولہ شکایات کا ازالہ کیا۔ میونسپل کمیٹی اچ شریف نے 25 کا ازالہ کیا،احمدپور شرقیہ نے 11 اور خیرپور ٹامیوالی میں 40 شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ سول ڈیفنس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سخت ہدایات جاری کیں کہ غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کی مشینیں سرکاری تحویل میں لے کر مکمل طور پر ناکارہ بنا دی جائیں تاکہ دوبارہ استعمال نہ ہو سکیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات سے متعلق موصولہ 452 شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے جبکہ ایل پی جی گیس کی غیر قانونی ڈی کینٹنگ اور منتقلی سے متعلق 414 شکایات موصول ہوئیں، جن پر مکمل کارروائی کی گئی ہے۔

گرین بیلٹس کی بحالی اور نگرانی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر گرین بیلٹس کی بحالی، مرمت اور تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ہر بحال شدہ گرین بیلٹ پر مالی اور سپروائزر کا نام بورڈ پر درج کر کے آویزاں کیا جائے تاکہ عوام بوقت ضرورت ان سے رابطہ کر سکیں۔انہوں نے کہا ہے کہ شہروں کو سرسبز، خوبصورت اور جاذبِ نظر بنانے کے لیے تمام افسران کو ذمہ داری سے کام لینا ہوگا۔

دریں اثنا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے پارکس کی بحالی کے لیے بھی احکامات جاری کیے اور اجلاس کے اختتام پرضلع کونسل، میونسپل کمیٹیوں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ سٹریٹ لائٹس کو 100 فیصد فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو رات کے وقت محفوظ ماحول میسر ہو۔