امن و امان کی صورتحال ،راولپنڈی پولیس کا شہر بھر میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ، مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن

جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے لاء اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سی پی او نے سیکورٹی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے سینئر افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں حفاظتی اقدامات کی خود نگرانی کریں۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 نافذ ہے، اس پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام اہم مقامات پر پولیس تعینات ہے جبکہ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن ٹیمیں شہر بھر میں گشت کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سی پی او کے مطابق سیف سٹی اور دیگر کیمروں سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے، قانون کی بالادستی ہر صورت میں برقرار رکھی جائے گی۔

دریں اثناء، سی پی او کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشنز میں مقامی پولیس، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔ آپریشنز کے دوران 86 گھروں، 53 دوکانوں اور 8 کرایہ داروں کے کوائف کی جانچ کی گئی جبکہ 200 سے زائد افراد کے شناختی کوائف کا اندراج کیا گیا۔سرچ آپریشنز تھانہ روات، کلر سیداں، کہوٹہ، سول لائنز اور ریس کورس کے علاقوں میں کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :