دنیا کی مایہ ناز کمپنیاں بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں ،وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کار بورڈ

جمعرات 9 اکتوبر 2025 23:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) بلوچستان سرمایہ کار بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ دنیا کی مایہ ناز کمپنیاں بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں اور جلد ہی صوبے میں توانائی، معدنیات، بنیادی ڈھانچے، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری متوقع ہے۔اپنے دفتر میں تاجربرادری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت اور نوجوان افرادی قوت کے باعث یہ خطہ سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے مالا مال ہے۔

صوبائی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں، شفاف قوانین اور تیز تر اجازت نامہ نظام کے باعث بین الاقوامی کمپنیوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مدبرانہ قیادت میں حکومت صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پْرعزم ہے، حکومت کا واضح موقف ہے کہ تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں اس مقصد کے لیے صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے درکار تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سرمایہ کار بورڈ مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ سرمایہ کاروں کو ایک شفاف، محفوظ اور تیز تر عمل کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے تاکہ بلوچستان کو کاروبار کے لیے ایک مثالی خطہ بنایا جا سکے۔بلال خان کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور صوبے کی معدنیات، توانائی اور زراعت کے وسائل کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت سے نہ صرف ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی بلکہ صوبے میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری میں بھی مدد ملے گی۔