پنجاب سے منشیات کا جلد خاتمہ ہوگا، صوبائی پارلیما نی سیکرٹری

جمعہ 10 اکتوبر 2025 00:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرمنشیات کے ناسور کے خاتمہ کے لئے اقدامات کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر راجہ جہانگیر انور،پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن/رکن صوبائی اسمبلی شہریار اعوان اور ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر مظہرنے مشترکہ طور پر صدارت کی۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصرکے علاوہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں ارکان اسمبلی چوہدری عارف محمود گل،عظمی جبیں راجہ،سید ذوالفقار علی شاہ،مولانا محمدالیاس چنیوٹی،مسلم لیگی رہنما علی گوہر بلوچ،راجہ دانیال،فقیر حسین ڈوگر،عمر اسرار اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی صورت میں پنجاب سے منشیات کا جلد خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قلیل مدت میں مضبوط انسداد منشیات فورس کا قیام عمل میں لایا گیااور لاہور میں لانچنگ کے بعد جلد فیصل آباد ڈویژن میں فورس کام شروع کردے گی۔انہوں نے کہا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا ناسور نوجوان نسل کو تباہ کررہاہے جسے روکنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال تعلیمی اداروں کے ساتھ اب دیہاتوں میں بھی بڑھ رہا ہے جس کا سدباب کرنے کے لئے ڈویژنل لیول کے بعد اس فورس کا دائرہ ضلعی سطح پر بھی لاریے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر اجلاس کے انعقاد کا مقصد فورس اور عوامی نمائندوں کے مابین کوآرڈینیشن قائم کرنا ہے۔ارکان اسمبلی اس قبیح فعل کی روک تھام کے لئے شانہ بشانہ کردار اداکریں۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات سے چھٹکارہ دلا کر صحت مند زندگی کی جانب لانا ہے۔

پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کو ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کی طرف سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے فورس کے قیام کے اغراض ومقاصد،ورکنگ اور دیگر لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ارکان اسمبلی اور مسلم لیگی رہنماؤں نے فورس کے قیام کو انقلابی اقدام قرار دیااور کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے منشیات کی لعنت کا قلع قمع کریں گے۔