ْقانون سازی کے نظام کو جدید بنانے کے مقصد سے ای-پارلیمنٹ کے قیام کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا عمل شروع

سیکریٹریٹ میں ڈیجیٹائزیشن کا کام تقریبا مکمل ہو چکا ہے ،اراکین کی سہولت کے لیے یہ نظام جلد ہی پارلیمنٹ لاجز تک بڑھایا جائے گا، سردارایازصادق

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے اعلان کیا ہیکہ قانون سازی کے نظام کو جدید بنانے کے مقصد سے ای-پارلیمنٹ کے قیام کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پرسپیکر نے کہا کہ سیکریٹریٹ میں ڈیجیٹائزیشن کا کام تقریبا مکمل ہو چکا ہے جبکہ اراکین کی سہولت کے لیے یہ نظام جلد ہی پارلیمنٹ لاجز تک بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت اراکین کو دن کا ایجنڈا، آئین کی کاپی، کاروباری قواعد اور دیگر قانون سازی کے دستاویزات کاغذی شکل کے بجائے ڈیجیٹل طور پر فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیٹ پر ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے جہاں اراکین اپنے پاس ورڈز ترتیب دے سکتے ہیں اور اپنے آئی پیڈز حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر نے اراکین سے کہا کہ وہ اپنے ان ساتھیوں کو بھی آگاہ کریں جو ایوان میں موجود نہیں ہیں کہ وہ اپنے آئی پیڈز حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار جب اراکین نئے ڈیجیٹل نظام کا استعمال شروع کر دیں گے تو ان کے ڈیسک پر کاغذی دستاویزات رکھنے کی روایت ختم کر دی جائے گی۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ اگر کوئی رکن اپنا آئی پیڈ لانا بھول جائے تو محدود تعداد میں کاغذی کاپیاں یا اضافی آلات بیک اپ کے طور پر دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیا نظام اراکین کو دن کا ایجنڈا، آئین اور کاروباری قواعد کہیں سے بھی آسانی سے حاصل کرنے کے قابل بنائے گا، جس سے ان کا پارلیمانی کام زیادہ موثر ہوگا۔