ننکانہ صاحب ،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت منعقد ہوا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:23

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا 08 واں اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں برگیڈیر فرقان شبیر ، ایس پی انویسٹیگیشن حنا نیک بخت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز، کسٹم ، ایف آئی اے ، انفارمیشن ، ہیلتھ، ایجوکیشن سمیت تمام ضلعی اداروں کے سربراہان بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں ایرانی پٹرول فروخت کرنے والے پٹرول پمپس اور سمگل شدہ اشیاءفروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ ، گیس کی ری فلنگ اور منی پٹرول پمپس کے خلاف بھی کریک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ گیس کی ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے ، ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کو تیز اور اسٹیٹ لینڈ کو واگزار کروایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 179 مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کر لیا گیا ہے ، دیگر کی رجسٹریشن پر کام جاری ہے۔افسران اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے ون ونڈو سسٹم کا قیام عمل میں لایا جائے۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں رہائش پذیر چائنیز باشندوں کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں ، بھکاریوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔برگیڈیر فرقان شبیر نے اجلاس کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک رولز پر عملدرآمد ، ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنوایا جائے ، سخت ایکشن لیں۔صحت ، تعلیم اور انصاف کی دستیابی عام آدمی تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر ہمیں اپنے بچوں کو آگاہی دینا ہو گی ، ماحول کو صاف رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہونگے۔برگیڈیر فرقان شبیر نے اے پی پی سے خصوصی طور پر گفتگو کے دوران کہا کہ بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات پر سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔\378