علی امین گنڈا پور کے ترجمان نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:15

علی امین گنڈا پور کے ترجمان نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز مغل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور کہا حلقے میں سیاسی کام جاری رکھوں گا۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ترجمان فراز مغل نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے ترجمان وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، تاہم میں علی امین گنڈاپور کے ساتھ اپنے حلقے میں سیاسی کام جاری رکھوں گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گورنر خیبرپختونخوا ہمیشہ خبروں کی زینت بننے کی کوشش کرتے ہیں اور ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ میڈیا میں نمایاں رہیں۔فراز مغل نے بتایا کہ صبح 8 سے 10 بجے کے درمیان وزیراعلیٰ کا استعفیٰ گورنر ہاؤس میں جمع کرایا گیا، جس دوران استعفیٰ جمع کرانے کی تصاویر بھی لی گئیں، گورنر خیبرپختونخوا کو استعفیٰ موصول ہوچکا ہے، اب اسے منظور کرنا یا نہ کرنا ان کا فیصلہ ہے۔انھوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے واضح کر دیا ہے کہ اگر انہیں دوبارہ پیشکش بھی کی گئی تو وہ وزیراعلیٰ کا عہدہ قبول نہیں کریں گے۔ترجمان نے کہاکہ علی امین گنڈاپور نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ کھڑے ہیں اور سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ کا پروٹوکول بھی دے دیا گیا ہے۔