قرآن و سنت کی تعلیم و ترویج ہمارا مقصد حیات ہے، مفتی فیض احمد قادری

جمعہ 10 اکتوبر 2025 19:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) جماعت غوثیہ اہل سنت انٹرنیشنل کے امیر مفتی محمد فیض احمد قادری نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کی تعلیم، اس کی ترویج و اشاعت اور اس پر عمل درآمد ہی ہماری زندگی کا اصل مقصد ہے۔ دین اسلام کی حقیقی روح کو عام کرنا اور نوجوان نسل کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی اخلاقی گراوٹ، بدعملی اور دین سے دوری کا واحد علاج قرآن و سنت کی طرف واپسی ہے۔ہمیں چاہیے کہ دینی اداروں، مساجد، اور مدارس کو صرف عبادت گاہوں تک محدود نہ سمجھیں بلکہ انہیں سوسائٹی کی اصلاح و تربیت کا مرکز بنائیں۔مفتی فیض احمد قادری نے کہا کہ جماعت غوثیہ اہل سنت انٹرنیشنل نہ صرف ملک بلکہ بیرونِ ملک بھی دین اسلام کا پیغامِ امن، اخوت اور محبت عام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہم اپنے مراکز کے ذریعے درسِ قرآن، تربیتی نشستوں، اصلاحی محافل اور سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں معاشرتی بہتری کے لیے مصروفِ عمل ہیں۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت میں دین کو اولین ترجیح دیں، تاکہ وہ دنیاوی ترقی کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی کامیابی حاصل کر سکیں۔تعلیم قرآن ہر گھر کا حصہ بنانا ہوگا، اور یہ کام کسی ایک ادارے یا فرد کی نہیں بلکہ پوری امت کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

مفتی صاحب نے کہا کہ دین کی اشاعت صرف تقریروں سے نہیں بلکہ عملی کردار سے بھی ہوتی ہے۔جب ایک مسلمان اپنی زندگی قرآن و سنت کے مطابق ڈھال لیتا ہے، تو وہ خود ایک چلتا پھرتا مبلغ بن جاتا ہے۔ انہوں نے دینی طبقے، نوجوان علماء، مدارس کے طلبہ اور عوام الناس کو دعوت دی کہ وہ دین کی سچی خدمت کے لیے ایک صف میں کھڑے ہوں اور فتنوں کے اس دور میں اتحاد، اعتدال اور اخلاص کے ساتھ اسلام کا روشن چہرہ دنیا کو دکھائیں۔

متعلقہ عنوان :