شامی پناہ گزینوں کی لیبیا سے رضاکارانہ واپسی شروع

یو این جمعہ 10 اکتوبر 2025 19:15

شامی پناہ گزینوں کی لیبیا سے رضاکارانہ واپسی شروع

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 10 اکتوبر 2025ء) عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) کے تعاون سے شام کے 152 پناہ گزین رضاکارانہ طور پر لیبیا سے اپنے ملک واپس پہنچ گئے ہیں۔

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے 'آئی او ایم' کے ریجنل ڈائریکٹر عثمان بلبیسی نے بتایا ہے کہ ادارہ اندرون و بیرون ملک شامی پناہ گزینوں کو باوقار اور پائیدار طور سے وطن واپسی اور ان کی بحالی میں مدد دینے کے اقدامات میں اضافہ کر رہا ہے۔

حالیہ اقدام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ادارے نے شامی وزارت خارجہ کی درخواست پر لیبیا سے پناہ گزینوں کو واپس پہنچانے کے لیے خصوصی پرواز کا اہتمام کیا جس کے ذریعے واپس جانے والے لوگ مالی استطاعت نہ ہونے کے باعث ازخود یہ سفر اختیار کرنے کے قابل نہیں تھے۔

(جاری ہے)

شام میں 'آئی او ایم' کے اقدامات

گزشتہ 10 سال میں 'آئی او ایم' نے لیبیا سے ایک لاکھ پانچ ہزار مہاجرین کو ان کے آبائی ممالک کی جانب محفوظ واپسی میں مدد دی ہے۔

شام میں ادارے کی قائمقام سربراہ ایلیو نورا سروینو نے کہا ہے کہ حالیہ اقدام شامی پناہ گزینوں کو اپنے ملک میں رضاکارانہ، محفوظ، باعزت اور پائیدار انداز میں واپسی میں مدد دینے کے لیے 'آئی او ایم' کے عزم کا ثبوت ہے۔

جولائی میں میں ادارے نے شام کی وزارت خارجہ کی مدد سے ملک میں اپنا دفتر دوبارہ قائم کیا تھا جس کے ذریعے اسے اپنی کارروائیوں میں اضافہ کرنے کے لیے مدد ملی۔

ادارہ 2014 سے شمال مغربی شام میں کام کر رہا ہے جہاں اس نے لوگوں کو کئی طرح کی ضروری امداد بھی فراہم کی ہے جس میں انہیں تحفظ، ذہنی صحت کی خدمات اور نفسیاتی معاونت مہیا کرنے کے اقدامات، مہاجرین کے لیے پناہ گاہوں کا انتظام اور دیگر ضروری مدد کی فراہمی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :