مخصوص طبقہ ملک پر قابض ہے، عوام مٹھی بھر حکمران اشرافیہ کیخلاف متحد ہوجائیں

نوجوانوں کو جمہوری آزادی، تعلیم اور روزگار دیا جائے، ریاست کو اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی، نوجوان متحد ہوکر ملک کو عظیم بنائیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 10 اکتوبر 2025 20:33

مخصوص طبقہ ملک پر قابض ہے، عوام مٹھی بھر حکمران اشرافیہ کیخلاف متحد ..
فیصل آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 10 اکتوبر 2025ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے حکمران نوجوانوں کو جمہوری آزادیاں، تعلیم، روزگار دیں، ریاست کو اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ مخصوص طبقہ قوم کو تقسیم کرکے ملک پر قابض ہے، عوام اپنے حق کے لیے مٹھی بھر حکمران اشرافیہ کے خلاف متحد ہوجائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں بنو قابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان وقاص جعفری اور امیر ضلع محبوب الزمان بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 
الخدمت فاؤنڈیشن کے بنوقابل پروگرام کے تحت مفت آئی ٹی کورسز میں داخلہ کے لیے ہزاروں بچوں اور بچیوں نے کریسنٹ گراؤنڈ میں امتحان دیا۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی نے الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان کو کامیاب ٹیسٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بنوقابل کے ذریعے آئندہ دوبرس میں دس لاکھ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے، بنوقابل کے دائرہ کار کو ملک بھر میں توسیع دے کر ڈگری پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، بنوقابل سے آئندہ دو تین برس میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں تین سے چار ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن نے سوال کیا کہ اگر صرف الخدمت اتنے بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو مفت تعلیم دے سکتی ہے تو حکومت یہ ذمہ داری کیوں نہیں اٹھاتی، معیاری اور مفت تعلیم ہر شہری کا حق ہے۔ ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، صرف پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکول نہیں جارہے، ن لیگ صوبہ پر چالیس برس سے حکومت کررہی ہے، پڑھا لکھا پنجاب کا نعرہ کہاں گیا؟ حکمران نوجوانوں کو تعلیم دینے کی بجائے انہیں جاہل رکھنے کی کوشش کررہے ہیں، مریم نواز نے سترہ ہزار سکولوں کو این جی اوز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب عوام کے پیسوں سے ذاتی تشہیر کی بجائے عوام  کو ان کا حق دیں، جماعت اسلامی عوام کو حقوق دلائے گی،تعلیم، آئی ٹی، صحت، کھیل سمیت ہر میدان میں آگے بڑھنے کے لیے نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

نوجوان ملک سے مایوس نہ ہوں، اپنے دین اور ملک پر فخر کریں۔ 
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کسی سیاستدان، جنرل یا بیوروکریٹ کا نہیں، عوام ملک کے مالک ہیں۔ اگر حکمران نوجوانوں کو حقوق نہیں دے رہے تو یہ مایوس نہ ہوں، فرسودہ نظام اور اس کے پہرے داروں کے خلاف آواز بلند کریں، تخریبی نہیں تعمیری سرگرمیوں کا حصہ بنیں، پاکستان میں نئی نسل (Generation Z) چھ کروڑ ہے، یقین ہے یہ نسل ملک کو عظیم بنائی گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے نوجوانوں اور فیصل آباد کے عوام کو اکیس بائیس تیئس نومبر کو مینارپاکستان پر اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ تاریخی اجتماع ملک میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔