سپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد کی ملاقات

جمعہ 10 اکتوبر 2025 19:51

سپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (پی آر اے پی) کے وفد نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت نو منتخب صدر (پی آر اے پی) ایم بی سومرو نے کی جبکہ وفد میں سیکرٹری نوید اکبر، احمد نواز اور جاوید نور شامل تھے۔ملاقات کے دوران پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کی نو منتخب باڈی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اپنی انتخابی کامیابی سے آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ پی آر اے پی کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیں۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفد کی درخواست کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے دوران پی آر اے پی کی نو منتخب باڈی سے حلف لینے کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے پی آر اے پی کی نو منتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی اور پارلیمانی صحافیوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی کی موثر کوریج میں پارلیمانی رپورٹرز کا کردار نہایت اہم اور قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی آگاہی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمانی رپورٹرز کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے ہرممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ پی آر اے پی کی نو منتخب باڈی کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا تاکہ پارلیمانی امور کی شفاف اور موثر رپورٹنگ کو مزید فروغ دیا جا سکے۔