اقصیٰ مارچ کو طاقت کے ذریعے روکنا حکومت کی نالائقی ہے۔علماء اھلسنّت

ْ حکومت تشدد ،پکڑ دھکڑ کے بجائے دانشمندی کیساتھ مذہبی قیادت سے بات کرے،سیدعبدالقادرشیرازی

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) جما عت اھلسنّت پاکستان کراچی کے ذمہ داران علامہ سید عبد القادر شاہ شیرازی،مفتی عبد الحق شاہ سیفی،مولانا شوکت حسین سیالوی،علامہ سید راشد علی رضوی،علامہ محمد میاں نوری،مفتی بلال قادری، علامہ کامران رضوی،مولانا جمیل احمد امینی،مولانا الطاف قادری،علامہ فرقان شامی،مولانا عاشق سعیدی،مفتی فیاض قادری،مفتی شوکت علی خان،علامہ سجاد شاہ،مولانا عباس رضا الباروی،مفتی فیصل رشید،علامہ لائق سعیدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاہور میں حالیہ حکومتی طرز عمل، پر امن اقصیٰ مارچ کے شرکاء پر تشدد ،شیلنگ و فائرنگ جیسے اقدامات انتظامی اداروں کا ریاستی ذمہ داریوں سے انحراف ہے ۔

دوران ِ جمعہ مسجد رحمة اللعالمین پردھاوا مسجد کے تقدس کی پامالی ،فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالے جانے والے مارچ کو طاقت کے ذریعے روکنا حکومت کی نالائقی اور بوکھلاہت کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

ریاست اپنے شہریوں سے بات کرنے کے بجائے لاٹھیاں ،گولیاں ،شیل چلائے تو یہ طرز عمل نفرت اور انارکی کو جنم دے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو سمجھنا چاہیے تشدد ،پکڑ دھکڑ مسئلے کا مستقل حل نہیں جبر کے بجائے دانشمندی کا مظاہرہ کیا جائے ،گرفتار افراد کو رہا ،زخمیوں کو علاج کی سہولت کیساتھ قیادت سے بات چیت کر کے معاملات کو سنبھالا جا سکتا ہے۔