اسلامی یونیورسٹی کے صدر کا خواتین کیمپس میں نئی تزئین و آرائش شدہ کلاس رومز کا دورہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے خواتین کیمپس کے اکیڈمک بلاک میں تزئین و آرائش شدہ کلاس رومز اور دیگر سہولیات کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ وائس پریزیڈنٹ (ایڈمنسٹریشن و فنانس) پروفیسر ڈاکٹر عبدالرّحمن، انچارج خواتین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر آمنہ محمود، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر انعام الحق اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران صدر کو بریفنگ دی گئی کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے 5 کروڑ روپے کا گرانٹ دیا گیا، جس سے کلاس رومز میں برقی تنصیبات، پردے اور رنگ و روغن کا کام مکمل کیا گیا۔ بتایا گیا کہ خواتین کیمپس میں کام مکمل ہونے کے بعد مردانہ فیکلٹی بلاک (I) کی تزئین و آرائش بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

صدر یونیورسٹی نے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے درست سمت میں گامزن ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ باقی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ڈاکٹر آمنہ محمود نے صدر جامعہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کلاس رومز کی بگڑتی حالت ایک اہم مسئلہ تھی، جسے بروقت اقدامات سے بہتر بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر جامعہ کی ذاتی دلچسپی سے اساتذہ اور عملے کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور وہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :