سعودی عرب، کے ایس ریلیف سینٹر کا کینسر میں مبتلا غزہ کے 6 سالہ بچے کا علاج

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 09:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) سعودی عرب کی انسانی ہمدردی کی نمایاں کوششوں کے حصے کے طور پر کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف سینٹر)نے نیورو بلاسٹوما کینسر میں مبتلا چھ سالہ فلسطینی بچے محمد عبداللہ الکتنان کے علاج کا آغاز کیا ہے ۔اردو نیوز کے مطابق سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نے بتایاکہ کے ایس ریلیف سینٹر نے بچے کی نازک حالت کے پیش نظر اسے غزہ کی پٹی سے اردن منتقل کیا جہاں اس وقت کنگ حسین کینسر سینٹر میں ماہر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی خصوصی علاج کیا جا رہا ہے۔

محمد الکتنان کی والدہ نے اپنے بیٹے کے علاج کے لیے فیاضانہ اور فوری اقدام پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے بیٹے کے علاج کے لیے یہ فوری اقدام اس وقت کیا گیا جب غزہ میں اس پیچیدہ بیماری کے علاج کی جدید سہولتیں موجود نہیں تھیں۔

(جاری ہے)

کنگ سلمان سینٹر کی جانب سے اردن کے الحسین کینسر سینٹر میں ایک تین سالہ بچی سیلین شادی عبدالسلام کے علاج کی ذمہ داری بھی لی گئی ہے جو شدید لیوکیمیا (خون کے سرطان) کے باعث نازک حالت میں ہے اور اسے فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔

سینٹر نے اس کے علاج و معالجے کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا انتظام کیا ہے۔کنگ سلمان ریلیف سینٹر فلسطینی شہریوں کے لیے خصوصی منصوبہ بھی نافذ کر رہا ہے جس کے تحت غزہ میں کینسر کے مریضوں کا علاج اردن کے الحسين کینسر سینٹر کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔