ٹرمپ کا ماریہ کورینا مچاڈو کی جدوجہد میں اہم کردار کا دعوی

یہ بہت اچھی بات ہے، مگر میں نے ماریا کورینا مچاڈو کویہ نہیں کہا کہ یہ ایوارڈ مجھے دے دو،بیان

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 14:53

ٹرمپ کا ماریہ کورینا مچاڈو کی جدوجہد میں اہم کردار کا دعوی
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال کا معزز ترین اعزاز نوبیل انعام برائے امن نہ جیتنے پر ردعمل ظاہر کردیا۔امریکی صدر نے وائٹ ہائوس سے خطاب کرتے ہوئے اس ناکامی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر کو نوبیل انعام دینے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماریا کورینا مچاڈو نے مجھے فون کرکے کہا کہ میں یہ انعام آپ کے اعزاز میں قبول کر رہی ہوں، کیونکہ آپ واقعی اس کے مستحق ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھی بات ہے، مگر میں نے انہیں (ماریا کورینا مچاڈو کو)یہ نہیں کہا کہ یہ ایوارڈ مجھے دے دو۔اگرچہ مجھے لگتا ہے کہ وہ شاید دے بھی دے۔ میں نے اس کی متعدد مواقع پر مدد کی ہے۔

(جاری ہے)

وینزویلا میں بدامنی و خراب حالات کے دوران انہیں بہت مدد کی ضرورت تھی۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش ہوں کیونکہ میں نے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائیں۔

قبل ازیں ماریا کورینا مچاڈو نے نوبیل انعام جیتنے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آج، پہلے سے زیادہ، ہم صدر ٹرمپ، امریکی عوام، لاطینی امریکا کے اقوام اور دنیا کی جمہوری قوموں پر اپنے بنیادی اتحادیوں کے طور پر انحصار کرتے ہیں تاکہ آزادی اور جمہوریت حاصل کی جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جدوجہد میں فیصلہ کن حمایت پر امن کا نوبیل انعام صدر ٹرمپ اور وینزویلا کے عوام کے نام کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نوبیل انعام برائے امن کا اعلان کیا گیا، یہ انعام امسال وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا مچاڈو کے نام رہا، گوکہ امریکی صدر نے متعدد مواقع پر خود کو اس انعام کا حقدار قرار دیا تاہم وہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ماریہ کورینا مچاڈو کو وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کو فروغ دینے اور آمریت سے جمہوریت کی منصفانہ اور پرامن منتقلی کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کے لیے 2025 کا نوبل امن انعام دیا گیا۔