دھونی نے پائلٹ کی تربیت مکمل کر لی، کوئی طیارہ نہیں اڑائیں گے

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 12:06

دھونی نے پائلٹ کی تربیت مکمل کر لی، کوئی طیارہ نہیں اڑائیں گے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان ایم ایس دھونی کرکٹ میدان چھوڑنے کے بعد اب پائلٹ بن گئے ہیں۔ایم ایس دھونی بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان ہیں، جنہوں نے اپنی زیر قیادت انڈیا کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی جتوائے اور ٹیسٹ نمبر ون ٹیم کی میس بھی حاصل کی۔

دھونی انٹرنیشنل کے ساتھ اب لیگ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو چکے ہیں تاہم وہ کرکٹ کا میدان چھوڑنے کے بعد اب دیگر میدانوں میں رنگ جما رہے ہیں۔ انہوں نے ایک نیا شعبہ بھی چن لیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق دھونی نے پائلٹ کی تربیت مکمل کر لی ہے تاہم ان کے پرستار یہ جان لیں کہ پائلٹ کی تربیت مکمل کرنے کے باوجود وہ کوئی طیارہ نہیں اڑائیں گے۔

(جاری ہے)

اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے پروفیشنل پائلٹ کی ٹریننگ مکمل نہیں کی بلکہ DGCA سے منظور شدہ ڈرون پائلٹ کی تربیت مکمل کر لی ہے۔

ایم ایس دھونی نے ریموٹ پائلٹ ٹریننگ آرگنائزیشن (RPTO) میں مکمل کی ہے، جو کہ چنئی میں قائم کمپنی ہے۔ ایک سخت تربیتی پروگرام مکمل کرنے کے بعد، دھونی کو اب ڈرون اڑانے کا سرٹیفکیٹ مل گیا ہے۔ان کی یہ ٹریننگ محفوظ اور قابل بھروسہ ڈرون آپریشنز کو فروغ دینے کی طرف ایک اہم قدم ہے، جس میں نظریاتی زمینی کلاسز کے ساتھ ساتھ سمیلیٹروں اور حقیقی ڈرونز پر گہری عملی پرواز کے سیشن شامل ہیں۔اس حوالے سے گاروڈ ایرو اسپیس کے بانی اور سی ای او اگنیشور جے پرکاش نے کہاکہ ہمارے برانڈ ایمبیسیڈر اور سرمایہ کار، ایم ایس دھونی کا ذاتی طور پر تربیت حاصل کرنا اور بطور پائلٹ سرٹیفکیٹ ہونا ہمارے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے تیزی سے مہارت حاصل کی اور سیکھنے پر پوری توجہ مرکوز رکھی۔