پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ (کل )سے لاہور میں شروع ، ٹرافی کی رونمائی ،شائقین کا داخلہ مفت

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 18:25

پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ (کل )سے لاہور میں شروع ، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیس میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ (کل) اتوار سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا ،ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، دوسرا ٹیسٹ میچ 20اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز بھی کھیلیں گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کررہے ہیں جبکہ ٹیمبا باووما کے ان فٹ ہونے کے سبب مہمان ٹیم کی قیادت ایڈین مارکرم کررہے ہیں۔قومی کپتان شان مسعود اور جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹرافی کی رونمائی کی اور تصاویر بھی بنوائیں اور اس موقع پر جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم نے این سی اے میں میوزیم کا دورہ بھی کیا، شان مسعود نے ایڈن مارکرم کو میوزیم میں موجود ٹرافیز کے بارے میں بتایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی کپتان شان مسعود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیم کی یہ خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ وہ چمپئن شپ جیتے اسوقت ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم چمپئن شپ کا آغاز اچھے طریقے سے کریں اور اسوقت ہمارے سامنے وہ ٹیم ہے جس نے یہ چمپئن شپ جیتی ہوئی ہے اور ہم اس ٹیم کے خلاف اپنی ہوم کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں جو ہمارے لیے ایک اچھا موقع ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ کسی بھی چمپئن شپ میں کھیلتے ہوئے آپ کی صلاحیتوں کا امتحان ہوتا ہے اور یہ ہمارے لیے خود کو پرکھنے اور آزمانے کا اچھا موقع فراہم کررہی ہے۔سائوتھ افریقہ ایک چمپئن ہے، ہمارے لیے بہتر رہے گا کہ ہم ٹیسٹ سرکل کا آغاز چمپئن کے خلاف سے کر رہے ہیں، سائوتھ افریقہ کے خلاف اچھا رزلٹ دیں گے جو ہمیں آئندہ فائدہ دے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ سائوتھ افریقہ کے خلاف 20وکٹیں لیں گے، دو سال کی چیزیں ایک دن میں نہیں کر سکتے، ہماری کوشش ہو گی کہ سبق حاصل کریں اور بہتر رزلٹ دیں، کرکٹ میچ جیتنے کے لیے بڑے طریقے ہوتے ہیں، کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے ہمیں میچ جیتنا ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ ہم چاہ رہے ہیں کہ ہر کھلاڑی تیار رہے اس لیے ڈومیسٹک کھیلنے کی اجازت دی، ساجد خان ہمارے مین سپنر ہیں، بد قسمتی سے ان کو فلو ہوا تھا، وقت کے ساتھ فیصلہ کریں گے لیکن وہ بیمار ہوئے تھے۔رنز کنڈیشن کے حساب سے ہوتے ہیں، سو کرنا ضروری نہیں لیکن کنٹری بیوشن ضروری ہوتا ہے چاہے وہ 60، 70ہی کیوں نہ ہو۔جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا آغاز پاکستان کے ساتھ کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے اور وہ اس چیلنج کیلئے تیار ہیں، یہ ایک نیا آغاز ہے اور تمام کھلاڑی صحیح سمت میں آگے بڑھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے تیاری اچھی ہے، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، بابر اعظم کی وکٹ اہم ہوتی ہے، ان کو آئوٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے پرجوش ہیں، اپنے کپتان ٹیمبا باووما کی کمی محسوس کریں گے، سپن پچز پر ساجد اور نعمان ہمارے لیے چیلنج ہوں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ ان کے خلاف اچھا پرفارم کریں۔

جنوبی افریقی کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے ہوم کنڈیشن میں کھیل رہا ہے، پاکستان کے ہوم کنڈیشن کی وجہ سے ہمیں مشکل ہو سکتی ہے، کیشف مہاراج دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکا کے رنجن مدوگالے آئی سی سی میچ ریفری ہونگے جبکہ پہلے ٹیسٹ میں آن فیلڈ امپائر آسٹریلیا کے راڈنی ٹکر اور نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر بران ہونگے۔

بنگلہ دیش کیسیکت شرف الدولہ تھرڈ امپائر اور پاکستان کے فیصل آفریدی فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔دونوں ٹیسٹ میں جنرل ،فرسٹ کلاس ،پریمیئم اور وی آئی پی کے انکلوژرز میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔پاکستان سکواڈ میں شان مسعود (کپتان )عبداللہ شفیق، ابرار احمد، آصف آفریدی،بابراعظم، حسن علی، امام الحق، کامران غلام،خرم شہزاد، محمد رضوان،نعمان علی،روحیل نذیر،ساجد خان،سلمان علی آغا،سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔