چیئرمین بورڈ کے مؤثر اقدامات سے امتحانی نظام میں جدید نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ،ترجمان ارسلان چیمہ

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی کے ترجمان ارسلان چیمہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان کے تین سالہ دور قیادت میں امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور دیانت داری کو فروغ دیتے ہوئے بوٹی مافیا کے منظم نیٹ ورک کو ناکام بنایا گیا اور امتحانی عمل میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی گئیں۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین کے خلاف محض ایک ویڈیو کلپ کی بنیاد پر کردار کشی کی مہم افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین کے مؤثر اقدامات سے امتحانی نظام میں جدید نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سپیشل برانچ کی شمولیت کے ساتھ ساتھ امتحانی مراکز میں آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ سے پیپر لیکج اور بدعنوانی جیسے مسائل کا خاتمہ ہوا۔

(جاری ہے)

ارسلان چیمہ نے بتایا کہ چیئرمین کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے وہی عناصر ہیں جو ماضی میں ادارے کے نظم و ضبط کے مخالف اور بوٹی مافیا کے مفادات کے محافظ رہے۔ ان کا مقصد ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور شفاف قیادت کو بدنام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین محمد عدنان خان کی ہدایت پر امتحانی اور انتظامی امور میں اٹومیشن، ای سروسز اور کمپیوٹرائزیشن کے اقدامات متعارف کرائے گئے۔

طلبہ کی سہولت کے لیے ویریفکیشن، این او سی اور تبدیلی نام کی درخواستوں کو آن لائن کر دیا گیا جو جدید تعلیمی اصلاحات کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ ارسلان چیمہ نے یقین ظاہر کیا کہ جھوٹے الزامات لگانے والے عناصر جلد بے نقاب ہوں گے، جبکہ چیئرمین محمد عدنان خان کی ایماندار قیادت میں راولپنڈی بورڈ تعلیم میں شفافیت، میرٹ اور ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھاتا رہے گا۔