وائلڈلائف رینجر ز نے فالکن ، بٹیر اور مرغابی کے 19غیرقانونی شکاری گرفتار ،10ملزمان کیخلاف ایف آئی آر ز درج کروای گئیں

پیر 13 اکتوبر 2025 22:39

وائلڈلائف رینجر ز نے فالکن ، بٹیر اور مرغابی کے 19غیرقانونی شکاری گرفتار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وائلڈلائف رینجرز نے فالکن ، بٹیر اور مرغابی کے 19غیرقانونی شکاری رنگے ہاتھوں گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 20نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا جبکہ 10ملزمان کیخلاف ایف آئی آر ز درج کروای گئیں ہیں۔ ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر لاہور ریجن ڈاکٹرغلام رسول کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز نے ہیڈ بلوکی کے مقام پر فالکن کے ایک غیرقانونی شکاری کو گرفتارکرکے اسے 50ہزار جرمانہ کیا اور اس کی کمین گاہ جلادی گئی ۔

اسی طرح ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرڈی جی خان سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز مظفر گڑھ اور ڈی جی خان نے فالکن ، بٹیر اورمرغابی کے 11غیرقانونی شکاریوں کے چالان کرکے 5فالکن ،4بٹیراور 2مرغابی کے نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے قانونی کارروائی کاآغاز کردیا ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر چنیوٹ اویس کسانہ نے فالکن کے 3غیرقانونی شکاریوں کو گرفتار کرکے مقامی تھانہ میں ان کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی ۔

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر جھنگ عبداللہ بلال نے بٹیر کے 3غیرقانونی نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ملزمان کیخلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کروائی ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر سرگودھا عروج ظہیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فالکن کے 4غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے نیٹنگ گیئرضبط کر لیا اور مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کروائی ۔ اسی طرح ایک دیگر کامیاب کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر فیصل آباد نمرہ رشید نے بٹیر کے 2غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے 2نیٹنگ گیئرز ضبط کرلیے اور ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی ۔