خبیب فائونڈیشن کے وفد کی فیصل کریم کنڈی سے ملاقات ،فاؤنڈیشن کی تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال

پیر 13 اکتوبر 2025 21:49

خبیب فائونڈیشن کے وفد کی فیصل کریم کنڈی سے ملاقات ،فاؤنڈیشن کی تعلیمی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) خبیب فاؤنڈیشن کے وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی ، گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں فاؤنڈیشن کے سربراہ ندیم احمد اور خبیب انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ شامل تھے ، ملاقات میں فاؤنڈیشن کی تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے گورنر کو بتایا کہ تنظیم یتیم اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم، رہائش اور تربیت فراہم کر رہی ہے،سو بچے پاکستان میں فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں ، سات بچے برطانوی تعلیمی اداروں میں موجود ہیں ، چائنہ میں بھی ہمارے سکالر شپ پر طلبہ زیر تعلیم ہیں ، ہم ادارہ کو پاکستان کی پہلی ایسی چارٹرڈ یونیورسٹی بنانے جارہے ہیں جو یتیم اور مستحق بچوں کے لیئے ہوگی جس میں ، میڈیکل، نرسنگ ، ہوٹل منیجمنٹ ، فنی تعلیم اور جدید ضروریات سے آہنگ شعبہ جات قائم ہونگے ، خیبر میڈیکل یونیورسٹی سے الحاق حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے، گورنر کو بتایا گیا کہ ادارے میں وہ بچے زیر تعلیم ہیں جو پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور مالی طور پر مستحق یا یتیم ہیں ، جنکی اکثریت وزیرستان سے تعلق رکھتی ہے ، طلبہ کو مکمل مفت تعلیم، رہائش اور تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا نے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں امید اور مثبت تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔وفد کی درخواست پر انہیں نے کہا کہ نیوٹک کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا ،انہوں نے وفد کی جانب سے سرپرستی کرنے اور ہری پور میں ادارہ کا دورہ کر نے کی بھی دعوت قبول کی۔