ارشد ندیم کی ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں ناکامی پر کوچ نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کو جواب جمع کر ادیا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 23:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں ناکامی پر کوچ سلمان بٹ نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کو اپنا جواب جمع کروا دیا ہے۔ایتھلیٹکس فیڈریشن نے گزشتہ ماہ جاپان میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں ارشد ندیم کی ناقص پرفارمنس پر کوچ سلمان بٹ سے وضاحت طلب کی تھی جس کے تفصیلی جواب میں سلمان بٹ نے اولمپین کی شکست کی وجوہات بیان کیں۔

سلمان بٹ نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کو بھیجے گئے اپنے جواب میں 2022 سے 2025 تک ارشد ندیم کی کارکردگی کا ذکر کیا، انہوں نے لکھا کہ مجھے 2021 میں ارشد ندیم کا کوچ اور مینٹور مقرر کیا گیا تھا۔سلمان بٹ نے پیرس اولمپکس کے بعد سے ایتھلیٹکس فیڈریشن سے رابطہ نہ ہونے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن نے ایک سال سے خود کو ارشد ندیم کی سرگرمیوں سے الگ رکھا، پیرس اولمپکس کے بعد ارشدندیم نے سیزن 2025 کے لیے 10 دسمبر سے اپنی ٹریننگ شروع کی تھی۔

(جاری ہے)

جاپان میں منعقدہ حالیہ چمپئن شپ کے حوالے سے انہوں نے موقف اپنایا کہ کوئی بھی ایتھلیٹ تسلسل سے کارکردگی برقرار نہیں رکھ سکتا، ایونٹ سے قبل، ٹریننگ کے دوران ہم معروف کوچ ٹریسیس لیبن برگ سے رابطے میں رہے، ٹوکیو کا موسم گرم، حبس زدہ اور ٹریک بھی سخت تھا، پنڈلی میں درد کی وجہ سے ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس کے فائنل میں بہتر پرفارم نہیں کرسکے، اس دوران ڈاکٹر باجوہ نے بھی ارشد ندیم کو فٹ رکھنے کے لیے بھرپور کوشش کی تھی۔

سلمان بٹ نے ارشد ندیم کے مستقبل اور ڈائمنڈ لیگ کے مختلف ایڈیشنز میں عدم شرکت کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔ٹوکیو میں کھیلی گئی ورلڈ ایتھلیٹس چمپئن شپ کے فائنل میں اولمپین ارشد ندیم نے 82.73 میٹر کی پہلی تھرو کی جبکہ ان کی دوسری تھرو ضائع ہوگئی، تیسری باری میں وہ 83.75 میٹر کی تھرو ہی کرسکے، پاکستانی ایتھیلیٹ ارشد ندیم کی چوتھی تھرو بھی فائول ہوگئی تھی۔جس کی وجہ سے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ٹاپ 8 ایتھلیٹس میں شامل نہ ہو سکے اور فائنل کے پہلے رائونڈ سے ہی باہر ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :