کوہلو ،ضلع بھر کے 144 غیر فعال سرکاری اسکولوں کو فعال کردیا گیا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 23:19

کوہلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) کوہلو میں تعلیم کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ کی موثر قیادت اور محکمہ تعلیم کے افسران کی انتھک کاوشوں کے نتیجے میں ضلع بھر کے 144 غیر فعال سرکاری اسکولوں کو فعال کردیا گیا ہے۔ یہ اقدام قلیل عرصے میں حاصل ہونے والی ایک نمایاں تعلیمی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اسکولوں کو فعال کرنے کا عمل ایس بی کے، کنٹریکٹ اور ریشنلائز تقرریوں کے تحت مکمل کیا گیا۔ ان اقدامات سے بند تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں اور سینکڑوں بچے دوبارہ حصولِ تعلیم کے عمل سے جڑ گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور استحکام کی بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا مقصد ہے کہ کوہلو کے ہر بچے کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ غیر فعال اسکولوں کو بحال کرنا اسی مشن کا حصہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی بچہ محض سہولیات کے فقدان یا انتظامی کمزوری کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلسٹر بجٹ کے شفاف استعمال کے لیے ایک جامع نظام وضع کیا گیا ہے۔ تمام کلسٹر ہیڈز سے پروفارمہ کے تحت سامان اور فنڈز کے استعمال کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے، تاکہ فنڈز کی تقسیم اور خرچ میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کلسٹر بجٹ کی جامع تحقیقات کریں گے اور مانیٹرنگ کمیٹی کے ذریعے اسکولوں میں سہولیات اور تدریسی عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی۔ شہری اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کوہلو اور محکمہ تعلیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کوہلو میں تعلیمی بحالی کی سمت ایک مضبوط قدم ہیں ، اسکولوں کی بحالی سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ عوام کا اعتماد بھی سرکاری تعلیمی اداروں پر بحال ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر کوہلو اور محکمہ تعلیم کے افسران نے علاقائی عمائدین اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور باقاعدگی سے اپنے قریب کے سکولوں میں جاکر تدریسی عمل کا جائزہ لیں ، انہوں نے کہا کہ حکومتی اصلاحات اور تعلیمی بحالی کے اقدامات مقامی کمیونٹی کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے ، عوامی شمولیت ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔\378

متعلقہ عنوان :