ایبٹ آباد میں انسداد پولیو مہم پیر کو شروع ہو گی، 2 لاکھ 25 ہزار 469 بچوں کو پولیو سے بچاؤ اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے

اتوار 12 اکتوبر 2025 14:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) ایبٹ آباد میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم (کل) پیر کو شروع ہو گی۔ پولیو مہم کے دوران ایبٹ آباد کی 54 یونین کونسلوں میں 5 سال سے کم عمر 2 لاکھ 25 ہزار 469 بچوں کو پولیو سے بچاؤ اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے دوران 6 ماہ سے 11 ماہ کے بچوں کو نیلے رنگ کے وٹامن اے لیکویڈ کیپسول جبکہ 12 ماہ سے 59 ماہ کے بچوں کو سرخ رنگ کے وٹامن اے کیپسول/ ڈراپس بھی پلائے جائیں گے۔

مہم کے لیے 1688 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر ویکسینیشن کا عمل مکمل کریں گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 64 یو سی ایم اوز اور 38 ڈی پی ایم ٹیز مہم کی نگرانی کریں گے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز بھی ٹیموں کی مانیٹرنگ کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے محکمہ صحت کو کارکردگی میں بہتری، تمام بچوں کی ویکسی نیشن مکمل کرنے اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ پولیس کو ٹیموں کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے جبکہ والدین پر زور دیا گیا کہ وہ مہم کے دوران ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ایبٹ آباد کو پولیو فری ضلع بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :