غزہ معاہدے کو سلامتی کونسل کے ذریعے عالمی قانونی حیثیت دی جائے، مصر

اتوار 12 اکتوبر 2025 16:00

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) غزہ میں جنگ بندی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مصر کی جانب سے کچھ دن پہلے کی گئی ثالثی کی کوششوں کے درمیان مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے سلامتی کونسل کے ذریعے اس معاہدے کو بین الاقوامی قانونی حیثیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

مصری صدارتی ترجمان محمد الشناوی کے مطابق السیسی نے قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائیڈز کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں غزہ کی پٹی میں بین الاقوامی فورسز کی تعیناتی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی، غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل کو یقینی بنانے اور پٹی کی تعمیر نو کے عمل کے آغاز کی اہمیت کو بھی واضح کیا۔ مصری صدر نے اپنے قبرصی ہم منصب کو غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے حوالے سے مصر میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔