سگریٹ، چھالیہ سمیت دیگرممنوعہ اشیا میں ملوث سمگلنگ مافیا کا حکومتی رٹ کو چیلنج

دیدہ دلیری سے سمگلنگ کے اعترافات کی وڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے لگے،ذرائع

اتوار 12 اکتوبر 2025 18:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) ملک میں سمگلنگ مافیا کی دیدہ دلیری سے حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اب کھلے عام سمگلنگ کے اعتراف کی ویڈیوز پوسٹ کی جا رہی ہیں جو کسٹمز اور باقی متعلقہ اداروں کی مبینہ کمزوری کا ثبوت ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایک کوئٹہ کی ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر سگریٹ اور چھالیہ سمیت دیگر اشیا کی سمگلنگ سے متعلق درجنوں ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں۔

ان ٹک ٹاک ویڈیوز میں وہ نہ صرف کویٹہ میں قائم اپنی ٹرانسپورٹ کمپنی کے ذریعے سگریٹ سمگلنگ کے دعوے کر رہے ہیں بلکہ لوگوں کو اس دھندے میں شامل ہونے کی دعوت بھی دیتے نظر آتے ہیں۔ ان ویڈیوز میں ریاستی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے حکام کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، جو اس مافیا کی بڑھتی ہوئی دیدہ دلیری اور ریاستی رٹ پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

ٹک ٹاک پر مشہور ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر بلیلی کسٹم چیک پوسٹ کوئٹہ سے صرف چند منٹ کے فاصلے پر قائم ہے، جہاں سے مبینہ طور پر سگریٹ، چھالیہ، اور دیگر ممنوعہ اشیا کی بھاری مقدار روزانہ کی بنیاد پر کراچی، لاہور ، راولپنڈی اور دیگر شہروں تک ترسیل کی جاتی ہے اور ان کی باقاعدہ وڈیو ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں کسٹم حکام کی مبینہ چشم پوشی سے سگریٹ اور دیگر ممنوعہ اشیا کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کی دیدہ دلیری اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سمگلنگ کی ویڈیوز پوسٹ کر کے ایف بی آر اور کسٹم کا مذاق بنا رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو سگریٹ میں غیر قانونی تجارت کے حوالے سے متعدد بار سخت کاروائی کے احکامات دے چکے ہیں۔ لیکن کسٹم چیک پوسٹ کے پاس واقعہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر سے سگریٹ سمگلنگ کے انکشافات پر ان احکامات پر عملدرآمد کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔