سیلاب کے دوران لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی بروقت کارروائیوں سے ہزاروں جانوروں کو بچایا گیا

پیر 13 اکتوبر 2025 09:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ملتان ڈویژن کے لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ نے حالیہ سیلاب کے دوران جانوروں کے تحفظ اور بچاؤ میں کلیدی کردار ادا کیا اور غیر معمولی کارکردگی اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہزاروں جانوروں کو ہلاکت سے بچایا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک ملتان ڈویژن، ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی کے مطابق، ڈویژن میں بڑے جانوروں کی کل تعداد 31 لاکھ 53 ہزار 602 اور چھوٹے جانوروں کی تعداد 19 لاکھ 22 ہزار 305 ہے۔

حالیہ سیلاب کے دوران 8 لاکھ 9 ہزار 971 جانور براہِ راست متاثر ہوئے، تاہم محکمے کی بروقت کارروائی کے باعث بڑے پیمانے پر نقصانات سے بچاؤ ممکن ہوا۔ڈاکٹر گورسی نے اے پی پی کو بتایا کہ فیلڈ ٹیموں نے 55 ہزار 539 متاثرہ جانوروں کا فوری علاج کیا، جبکہ 2 لاکھ 52 ہزار 816 جانوروں کو وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائی گئی۔

(جاری ہے)

مزید برآں، 6 لاکھ 94 ہزار 601 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال پنجاب حکومت کی جانب سے ایک تاریخی اقدام اٹھایا گیا، کیونکہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کے لیے چارہ اور اضافی غذائی مواد (ونڈا اور دیگر ضروری خوراک) تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا،"ماضی میں قدرتی آفات کے دوران جانوروں کے لیے اس پیمانے پر چارہ تقسیم کرنے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

"ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی نے مزید کہا کہ اب سیلابی پانی اتر رہا ہے، محکمے کی ٹیمیں جانوروں کے نقصانات کا مکمل اندازہ لگانے کے لیے جامع سروے کر رہی ہیں۔سیلاب کے دوران ہماری پہلی اور فوری ترجیح جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا اور ان کی جان بچانا تھی۔ اب ہماری ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں جا کر نقصانات کے اعداد و شمار جمع کر رہی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی مربوط کوششوں نے نہ صرف ہزاروں جانوروں کو محفوظ بنایا بلکہ دیہی خاندانوں کے معاشی استحکام میں بھی مدد فراہم کی، جن کا روزگار بڑی حد تک مویشیوں پر منحصر ہے۔ فیلڈ عملہ مشکل حالات کے باوجود علاج، ویکسینیشن اور چارہ کی فراہمی میں مسلسل مصروف رہا۔ڈاکٹر گورسی نے ویٹرنری افسران اور فیلڈ اسسٹنٹس کی محنت کو سراہا جنہوں نے دن رات زیرِ آب علاقوں میں رہ کر ایمرجنسی خدمات انجام دیں۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے بتایا کہ محکمہ لائیوسٹاک اپنی ڈیزاسٹر رسپانس صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکمتِ عملی تیار کر رہا ہے تاکہ آئندہ ہنگامی صورتحال میں جانوروں کے وسائل کو بہتر طور پر تحفظ دیا جا سکے۔بروقت اقدامات اور غیر معمولی حکومتی تعاون کے ذریعے ملتان ڈویژن کے لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ نے آفات کے دوران جانوروں کی نگہداشت کا نیا معیار قائم کیا ہے، جو زرعی اور دیہی استحکام کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔\395