جامعہ بلوچستان میں تصوراتی امتحانی فریم ورک پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا

پیر 13 اکتوبر 2025 15:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) جامعہ بلوچستان کے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز میں ’’ماڈل اسیسمنٹ فریم ورک برائے تصوراتی امتحان‘‘ کے نفاذ سے متعلق تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز پیر کو ہوگیا۔ترجمان جامعہ بلوچستان کے مطابق ورکشاپ جامعہ بلوچستان، وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن اور افاق اسلام آباد، کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے، جبکہ میزبانی جامعہ کے شعبہ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز اور فیکلٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق تھے۔ دیگر مہمانوں میں عامر زیب ڈائریکٹر ٹریننگ افاق اسلام آباد، ڈاکٹر کنیز فاطمہ ڈائریکٹر شعبہ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز اور ڈاکٹر شفیق اعوان شامل تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ محمد اسحاق نے اپنے خطاب میں یادداشتی نظام سے تصوراتی سیکھنے کی جانب منتقلی کی ضرورت پر زور دیا اور ورکشاپ کے انعقاد کو اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا۔

تین روزہ ورکشاپ میں ڈاکٹر فضل الہی اعوان اور ڈاکٹر شفیق اعوان بطور مرکزی ٹرینرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تربیتی سیشنز میں عملی مشقیں، گروپ مباحثے اور جدید امتحانی طریقہ کار پر تربیت دی جارہی ہے۔افتتاحی تقریب کے اختتام پر شرکانے گروپ فوٹو بنوایا۔ ورکشاپ کا مقصد بلوچستان میں تصوراتی امتحانی فریم ورک کے موثر نفاذ کے لیے تربیت یافتہ ماہرینِ تعلیم تیار کرنا ہے۔