ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں کی مجموعی کارکردگی کاجائزہ لیا

پیر 13 اکتوبر 2025 22:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمدآصف چوہدری نے ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں کی مجموعی کارکردگی کاجائزہ لیا ۔انہوں نے اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کو دوران سروس ڈیلیوری کے معیار میں مزید اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئرمہر ایوب، ڈائریکٹرز اسماء محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر/ انچارج ون ونڈو کاؤنٹر عبداللہ نور،ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری،پی ایس او شبیر ساجد گجر و دیگر افسران موجود تھے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی کے لیے جدید اصلاحات کو مکمل طور پر نافذالعمل کریں تاکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فوائد کماحقہ لوگوں تک پہنچائے جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ون ونڈو کاؤنٹر پر وصول ہونے والی درخواستوں کو ٹائم لائن کے مطابق نمٹانے میں کوئی کسر باقی رہی نہیں رہنی چاہیے۔

ڈی جی ایف ڈی اے نے سرکاری واجبات کی وصولی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لئے فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دیرینہ نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ سو فیصد ریکوری ممکن ہو سکے۔ انہوں نے غیر قانونی کمرشلائزیشن پر کڑی نظر رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے دائرہ اختیار کے علاقہ میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی سختی سے حوصلہ شکنی کریں اور خبردار کیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم سے متعلق شکایت کی صورت میں متعلقہ علاقے کا انسپکٹر جوابدہ ہوگا۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کو بامقصد انداز میں جاری رکھنے کی تلقین کی اور کہا کہ منظم ٹاؤن پلاننگ کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہیے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے تمام شعبوں کے انچارج افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ماتحت سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور کام چور سٹاف کی سختی سے باز پرس کی جائے۔

متعلقہ عنوان :