عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ، ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل کو ہمیشہ فوقیت حاصل رہی ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان

پیر 13 اکتوبر 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ بہترین طرز حکمرانی اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی موجودہ حکومت کا نصب العین ہے، عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل کو ہمیشہ فوقیت حاصل رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے بنیادی سہولیات کی بہتری، روزگار کے مواقع کی فراہمی، تعلیم کے شعبے میں اہم کامیابیاں اور صنعتی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں، حکومتی اداروں میں میرٹ، جوابدہی اور شفافیت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے، عوامی رائے اور مشاورت کو بھی ہر منصوبے میں شامل کرنے پر زور دیا جاتا ہے تاکہ عوامی ضروریات کے مطابق کام کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ کے ذریعے صوبے میں نوجوانوں کی روزگار کی فراہمی کے لیے ایک پروگرام شروع کیا ہے جس سے بلوچستان کے چھ اضلاع میں 57 ہزار نوجوانوں کو روز گار کی فراہمی کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اخوت کے ساتھ مل کر 12 ہزار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے قرضے دیے جائیں گے۔ صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں 14000 اساتذہ بھرتی کئے جس سے صوبے بھر میں 3200 سکولز فعال ہوگئے۔

صوبے میں مزید نئے سکولز کھولے جائیں گے۔ جن میں 700 سکولز کھل چکے ہیں۔ جس سے 45000 بچے سکولز میں داخل ہوگئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے عارضی بنیادوں پر 4000 ڈاکٹرز اور سٹاف بھرتی کئے گئے۔ صوبے میں غیر فعال 164 بنیادی مراکز صحت فعال کئے جس سے بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنایا۔ ہیلتھ کارڈ سے 2 لاکھ 32 ہزار مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں دس سالہ ترقیاتی پلان کے تحت صوبے کی اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی ترقی کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم، صحت اور دیگر اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔