اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس میں رپورٹ جمع کرا دی گئی

پیر 13 اکتوبر 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس میں رپورٹ جمع کرا دی گئی ۔ وکیل کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی ۔ پیر کے روز جسٹس محمد اعظم خان نے شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران وفاقی پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرائی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 17 مقدمات درج ہیں جن میں مختلف نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ تھانہ سی ٹی ڈی میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمہ بھی فہرست کا حصہ ہے تاہم سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہو سکا۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ۔