یورپ اور روس کے درمیان غیر دوستانہ امن کسی بھی وقت جنگ میں بدل سکتا ہے، سربراہ جرمن انٹیلی جنس سروس

منگل 14 اکتوبر 2025 10:40

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) جرمن خفیہ ادارے کے عہدیدار نے خبر دار کیا ہے کہ روس اور یورپی ممالک کے درمیان جنگ کسی بھی وقت شروع ہو سکتی ہے۔ رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کی فیڈرل انٹیلی جنس سروس ( بی این ڈی ) کے سربراہ مارٹن جیگر نے جرمن پارلیمنٹ کے ارکان کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پیو ٹن کسی بھی وقت یورپی یونین پر حملہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے روس کو یورپی یونین کے لئے براہ راست خطرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یورپ کے ساتھ روس کاموجودہ غیر دوستانہ امن کسی بھی وقت شدید جنگ میں بدل سکتا ہے۔مارٹن جیگر جنہوں نے گزشتہ ماہ جرمنی کی فیڈرل انٹیلی جنس سروس کی قیادت سنبھالی ہے نے مزید کہا کہ روسی حکومت یورپی جمہوریتوں کو غیر مستحکم کرنے اور نیٹو کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں ہمیں ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھےنہیں رہنا چاہیے اور یہ فرض نہیں کرنا چاہیے کہ روس ممکنہ طور پر کم ازکم 2029 تک تو یورپ پر حملہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو بہترین انداز میں یوں بیان کیا جا سکتا ہے کہ روس اور یورپ کے درمیان ایک غیر دوستانہ امن ہے، جو کسی بھی وقت گرم تصادم میں بدل سکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر روس نیٹو کے ساتھ براہ راست فوجی تصادم سے بھی پیچھے نہیں ہٹے گا ۔

دریں اثنا جرمنی کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل کارسٹن بریور نے کہا ہے کہ جرمنی کو 2029 تک روس کے ساتھ جنگ کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ مارٹن جیگر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مغربی یورپی حکومتیں روسی خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے فوجی اخراجات میں اضافہ کر رہی ہیں۔ جون میں دی ہیگ میں نیٹو کے ایک سربراہی اجلاس میں رکن ممالک نے 2035 تک دفاعی اخراجات کے اہداف کو جی ڈی پی کے 2فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ یورپی یونین نے اسی طرح اس سال فوجی اخراجات کو بڑھانے کے لیے کئی پروگراموں کی منظوری دی، جن میں 800 ارب یورو کی لاگت کا ری آرم یورپ ( ReArm Europe )اقدام بھی شامل ہے۔