میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ 26 اکتوبر کو ہوگا

منگل 14 اکتوبر 2025 17:08

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ 26 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ ڈیرہ غازی خان میں امتحان کے لیے دو مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں کل 2408 طلبہ و طالبات شریک ہوں گے، جن میں 1521 طالبات شامل ہیں۔امتحانی انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نمائندوں نے شرکت کی اور تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈیرہ غازی خان میں امتحانی مراکز بوائز سنٹر آف ایکسیلنس اور ڈویژنل پبلک سکول و کالج میں قائم کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ طلبہ، طالبات اور والدین کی رہنمائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز میں محفوظ پارکنگ، مرد و خواتین کے لیے علیحدہ انتظارگاہیں، پینے کے پانی کی فراہمی، پبلک ایڈریس سسٹم، فول پروف سکیورٹی اور دیگر سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ فوکل پرسنز مقرر کیے جائیں اور شہر کے داخلی راستوں پر رہنمائی ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ دیگر اضلاع سے آنے والے طلبہ کو امتحانی مراکز تک پہنچنے میں آسانی ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوان نسل کے مستقبل کا انحصار اس امتحان پر ہے، اس لیے پرسکون، صاف، روشن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے۔ امتحانی مراکز سے منسلک فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا جائے اور جنریٹرز و ایندھن کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون کلیکشن پوائنٹس، طلبہ کی بائیو میٹرک شناخت کے کاؤنٹرز اور فون جیمرز نصب کیے جائیں گے۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ٹیچنگ ہسپتال اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سمیت دیگر محکمے میڈیکل کور کی فراہمی میں فعال کردار ادا کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امتحان سے ایک روز قبل 25 اکتوبر کو فل ڈریس ریہرسل ہوگی تاکہ تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے موقع پر ڈویژن بھر سے آنے والے طلبہ اور والدین ہمارے مہمان ہیں، اس لیے انہیں باعزت طریقے سے خوش آمدید کہا جائے اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :