درزیوں نے قینچیوں کی دھار مزید تیز کر لی۔ غریب عوام کی کھال ادھیڑنے کا سلسلہ طوالت اختیار کر گیا

منگل 14 اکتوبر 2025 15:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) درزیوں نے قینچیوں کی دھار مزید تیز کر لی۔ غریب عوام کی کھال ادھیڑنے کا سلسلہ طوالت اختیار کر گیا۔ سوٹ سلائی کروانا ناممکن ہو کر رہ گیا۔ عوام الناس نے برینڈز کی جانب رخ کر لیا۔سلے سلائے کپڑوں کی مانگ میں اضافہ۔درزیوں کی ہر دکان پر سوٹ سلائی کے اپنے ہی نرخ مقرر۔ عوام نہ جائے مانند نہ پائے رفتن کی کیفیت کا شکار ہو کر رہ گئے۔

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کر لی۔ متعلقہ اداروں کے اہلکاران نے بھی درزیوں کی دکانوں کی طرف جانا چھوڑ دیا۔ حصہ بقدر جثہ وصول کرنے کے مبینہ الزامات عوام میں چہ میگوئیاں اختیار کر گئے۔ مصروف ترین کاروباری مرکز مدینہ مارکیٹ کے درزی سب پر بازی لے گئے۔

(جاری ہے)

گلی محلوں اور گھروں میں قائم درزیوں کی دکانوں کے مالکان نے بھی دیکھا دیکھی عوام کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔

کوئی پرسان حال نہیں۔ جائیں تو جائیں کہاں عوام کی میڈیا کے سامنے دہائی۔ تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار مظفرآباد کے مصروف ترین کاروباری مراکز سمیت گلی کوچوں میں قائم درزیوں کے کاروبار سے منسلک ٹیلر ماسٹرز کہلانے والوں نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے ادھیڑنا شروع کر رکھا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس وقت بچے کے سوٹ کی سلائی 1500 سے 2000 جبکہ مردانہ سوٹ 1800 روپے سے 35سو روپے۔

اسی طرح زنانہ فینسی سوٹ 2ہزار سے چار ہزار روپے جبکہ مردانہ و زنانہ سادہ سوٹ دو پزار سے 35 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے درزیوں کو نرخ نامے تو جاری کر دیے جاتے ہیں اور وہ انہیں نمایاں جگہ پر بھی نصب کر دیتے ہیں مگر ان پر عمل درآمد کون کروائے گا لوگوں کا کہنا ہے کہ نرخ نامے کے مطابق اگر کسی بھی درزی سے بحث مباحثہ کیا جائے تو وہ ہاؤس فل کا بورڈ لگا کر کہتے ہیں ہمارے پاس وقت نہیں اور جو شخص انہیں ان کے من پسند انراخ دینے پر راضی ہوتا ہے انہیں فوراً سوٹ سلائی کر کے دے دیا جاتا ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے درزیوں کی دکانوں پر اچانک چھاپے ماریں اور ان کی کاپیاں چیک کریں تو ہوشربا انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔ لوگوں نے ارباب اختیار سمیت چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی سے استدعا کی ہے کہ وہ مصروف ترین کاروباری مراکز میں قائم درزیوں کی دکانوں پر نرخ ناموں کے مطابق عوام کو سہولت مہیا کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :