محکمہ حسابات آزاد جموں و کشمیر میں تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی کا نیا MPG سسٹم انتہائی کامیابی کے ساتھ نافذ العمل

منگل 14 اکتوبر 2025 15:07

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) اکاؤنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شجاعت علی کاظمی نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ محکمہ حسابات آزاد جموں و کشمیر میں تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی کا نیا MPG سسٹم انتہائی کامیابی کے ساتھ نافذ العمل ہو چکا ہے۔ اس جدید اور تیز رفتار نظام کے تحت کسی بھی قسم کی ادائیگی اب روایتی چیک کے بغیر براہِ راست متعلقہ ملازم، ادارے یا سپلائر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہو جاتی ہے، جس سے شفافیت، سہولت اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 95 فیصد سے زائد ادائیگیاں اس سسٹم کے ذریعے مکمل کی جا چکی ہیں۔ صرف چند کیسز میں تکنیکی نوعیت کی رکاوٹیں بعض بینکوں کی سطح پر سامنے آئی ہیں جن کی نشاندہی کے بعد محکمہ حسابات نے متعلقہ بینکوں کے ساتھ فوری رابطہ کر کے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ نظام کو مزید مؤثر اور مستحکم بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

سید شجاعت علی کاظمی نے واضح کیا کہ گزشتہ دنوں ایک ہفتہ تک انٹرنیٹ کی بندش اور کمزور رفتار کے باعث بھی کچھ ادائیگیوں میں تاخیر ہوئی، تاہم محکمہ حسابات کی ٹیم ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے متحرک ہے۔

انہوں نے محکمہ حسابات کے افسران اور عملے کی شب و روز کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث یہ جدید سسٹم نہایت کم عرصے میں کامیابی سے فعال ہوا ہے۔مزید کہا کہ اس نظام کے نفاذ سے مالی نظم و ضبط، شفافیت اور عوامی اعتماد میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کے آفیسران، ملازمین اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ عارضی تکنیکی تاخیر یا غلطیوں پر صبر و تعاون کا مظاہرہ کریں تاکہ نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اے ایس این کیمطابق سید شجاعت نے یقین دلایا کہ محکمہ حسابات کی ایڈمنسٹریشن اور متعلقہ آفیسران صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور نئے سسٹم کے تحت تمام ادائیگیوں کی درستگی اور بروقت فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :