سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام نے ہایئر ایجوکیشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں 90 فیصد نمبر حاصل کرکے نمایاں پوزیشن حاصل کرلی

منگل 14 اکتوبر 2025 16:26

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام نے ہایئر ایجوکیشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرکے نمایاں پوزیشن حاصل کرلی، وائس چانسلر نے ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی جانب سے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کی24۔2023 کیلئے سالانہ کارکردکی و معیار کیلئے کی گئی درجہ بندی میں اہم پوزیشن حاصل کی ہے، اس ضمن میں یونیورسٹی کی کیو ای سی کو ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق زیادہ سے زیادہ معیار پر پوری طرح پورا اُترنا (ایم ایم پی ایس) کی مجموعی درجہ بندی میں 90.23 نمبر دیے گئے، جو معیارِ تعلیم اور داخلی کوالٹی ایشورنس کے مضبوط نظام کا واضح ثبوت ہے۔

کوالٹی ایشورنس ایجنسی (کیو اے اے - ایچ ای سی) ہر سال اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلی معیار کی یقین دہانی کے نظام کو مضبوط بنانے اور معیار کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے کارکردگی جانچ کا انعقاد کرتی ہے۔

(جاری ہے)

وائی پی آر 24۔2023کے جائزے کے دوران ادارے کی کارکردگی کا جائزہ و تشخیص، انڈرگریجویٹ و گریجویٹ پروگرامز کی خود تشخیص، متعلقہ ایکریڈیشن کونسلز سے پروگرامز کی منظوری، گریجویٹ پروگرام ریویو، کیو ای سی سیکرٹریٹ کی کارکردگی اور ایچ ای سی کی کیو اے پالیسیز (جی ای پی 2023، پلیجیئرزم پالیسی، فیکلٹی اپائنٹمنٹ) کے نفاذ کو بنیاد بنایا گیا۔

اس موقع پر ایچ ای سی نے امید ظاہر کی کہ باہمی ہم آہنگی، تعاون اور عزم کے ذریعے ادارہ جاتی کارکردگی کو طلبہ کی کامیابی اور معاشرتی خدمات میں بدلا جا سکے گا۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے اس کامیابی پر ڈئریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ ڈاکٹر سلیم مسیح بھٹی، سابق ڈئریکٹر انجینئر یاست علی کبر، پروفیسر ڈاکٹر عبدالمبین لودھی اور کیو ای سی کی ٹیم کی کاکردگی کی تعریف کی، اور کہا کہ یہ ادارے کیلئے اہم کامیابی ہے ۔

دوسری جانب ڈئرکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر سلیم مسیح بھٹی نے وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پورے عمل کے دوران رہنمائی، اعتماد اور حوصلہ افزائی فراہم کی۔انہوں نے رجسٹرار، ڈینز، تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان، اساتذہ اور عملے کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ کامیابی معیار، ٹیم ورک اور عزمِ برتری کا تسلسل ہے، جسے مستقبل میں مزید کامیابیوں میں بدلنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :