غزہ کی تعمیر نو کے لیے امریکا، یورپی یونین اور خلیجی ممالک کی حمایت کے خواہش مند ہیں ، ترکیہ

بدھ 15 اکتوبر 2025 09:10

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے بعد غزہ کی تعمیر نو کے لیے آنے والے مرحلے کے لیے امریکا، یورپی یونین اور خلیجی ممالک کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ تاکہ غزہ میں تعمیر نو کے کام میں ترکیہ بھی اپنا کردار ادا کر سکے۔انہوں نے اس امر کا اظہار مصر کے شہر شرم الشیخ سے واپسی کے دوران رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔

(جاری ہے)

رجب طیب اردوان نے اس موقع پر کہا کہ انہیں یقین ہے کہ غزہ میں تعمیر نو کے سلسلے میں فنڈز کی فراہمی کا معاملہ جلد سے جلد طے ہوگا۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا جنگ بندی معاہدوں پر عمل کا پرانا ٹریک ریکارڈ خراب ہے۔ اس لیے امریکا اور دوسرے ملکوں کو بہت مستعدی سے 10 اکتوبر سے نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہنا ہوگا۔ تاکہ اسرائیلی فوج اور اسرائیلی ریاست معاہدے پر عمل میں رکاوٹیں پیدا نہ کر سکے۔