سی سی ڈی ملتان کی کارروائی ،سکول جاتی بچیوں کو ہراساں کرنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

بدھ 15 اکتوبر 2025 10:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ملتان نے تھانہ شاہ رکنِ عالم کی حدود میں سکول/کالج کی بچیوں کے ساتھ نازیبا حرکات اور ہراسانی میں ملوث ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق چند روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک نامعلوم شخص نے سکول جاتی بچیوں کو چھیڑتے ہوئے موٹرسائیکل پر فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

ویڈیو ملنے پر سی سی ڈی نے ملزم کی گرفتاری کے لیے فوری طور پر سپیشل ٹیمز تشکیل دیں اور جدید تفتیشی تکنیک اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا گیا۔تعاقب کے دوران ملزم نے فرار کی کوشش کی جس کے باعث اس کی موٹرسائیکل پھسل گئی اور گرنے سے اس کا ایک بازو اور ایک ٹانگ ٹوٹ گئی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔

گرفتار ملزم کی شناخت عمان کے نام سے ہوئی ہے ۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اپنی نازیبا حرکت پر شرمندگی کا اظہار کیا، عوام اور متاثرہ بچیوں کے اہلِ خانہ سے معافی مانگی اور وعدہ کیا کہ آئندہ ایسی حرکت نہیں کرے گا۔ترجمان کاکہنا تھا کہ سی سی ڈی پولیس ہمہ وقت الرٹ ہے اور ایسے جرائم کے مرتکب عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے گی۔عوام کے جان و مال اور خواتین کی عزت کا تحفظ سی سی ڈی کی اولین ترجیح ہے۔