امریکی صدر کے ساتھی چارلی کرک کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹس پر 6 غیرملکیوں کے ویزے منسوخ

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) ٹرمپ انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر قدامت پسند رہنما چارلی کرک کے قتل کے حوالے سے مبینہ طور پر توہین آمیز تبصرے پر 6 غیرملکیوں کے ویزے منسوخ کر دیئے ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ متعلقہ افراد کی سوشل میڈیا پوسٹس اور چارلی کرک سے متعلق شیئر کیے گئے وڈیو کلپس کا جائزہ لینے کے بعد یہ تعین کیا گیا ہے کہ ان کے ویزے منسوخ کیے جائیں۔

دائیں بازو کے نوجوان کارکن اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کِرک گزشتہ ماہ یوٹا یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جب انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ محکمہ خارجہ کی جانب سے یہ اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چارلی کرک کو سب سے بڑے سویلین اعزاز ’’صدارتی میڈل برائے آزادی‘‘ سے نوازا ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ انتظامیہ نے جن 6غیرملکیوں کے ویزے منسوخ کیے ہیں ان کا تعلق ارجنٹائن، برازیل، جرمنی، میکسیکو، پیراگوئے اور جنوبی افریقہ سے بتایا گیا ہے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو امیگریشن قوانین کے اطلاق سے ہماری سرحدوں ، ہماری ثقافت اور ہمارے شہریوں کا تحفط کریں گے۔ نائب صدر جے ڈی وینس اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شہریوں پر زور دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر چارلی کرک سے متعلق توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے والوں کی نشاندہی کریں۔ گزشتہ ماہ نائب سیکرٹری خارجہ کرسٹوفر لینڈو نے سوشل میڈیا صارفین سے کہا کہ وہ کسی ایسی پوسٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ٹیگ کریں۔