یو ای ٹی اور پنجاب یونیورسٹی کے مابین تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور یونیورسٹی آف دی پنجاب لاہور کے مابین تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت دونوں جامعات کے اساتذہ، محققین اور طلبہ کی تیار کردہ مصنوعات، تحقیق اور ٹیکنالوجی کو نفع و نقصان سے بالاتر بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں گی۔اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے ایک دوسرے کی تیار کردہ تحقیقی مصنوعات اور وسائل کو اکیڈمک، تحقیقی اور ترقیاتی مقاصد کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

یہ تعاون جامعات کے درمیان بین الشعبہ جاتی تحقیق، جدت اور وسائل کے بہترین استعمال کو فروغ دے گا۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق دونوں جامعات مشترکہ طور پر ورکشاپس، تربیتی سیشنز اور سیمینارز کا انعقاد کریں گی تاکہ تحقیقی صلاحیت میں اضافہ ہو اور علم و تجربات کا تبادلہ ممکن ہو سکے۔ اس تعاون کے تحت لیبارٹری آلات، ڈیٹا، پروٹوٹائپس اور دیگر تحقیقی مواد کو بھی باہمی اتفاق سے شیئر کیا جا سکے گا، جبکہ دونوں اداروں کے انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کا مکمل احترام کیا جائے گا۔

اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یہ اشتراک اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ جامعات کو چاہیے کہ وہ مسابقت کی بجائے اشتراک کے ذریعے جدت اور تحقیق کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی اور پنجاب یونیورسٹی مل کر ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے تحقیق اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں مثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی روابط سرکاری جامعات میں علمی معیار میں بہتری، تحقیقی استعداد میں اضافہ اور باہمی تعاون کی فضا کو فروغ دیتے ہیں۔

یہ مفاہمتی یادداشت تین سال کے لیے موثر رہے گی اور باہمی اتفاق رائے سے اس میں توسیع کی جا سکے گی۔ دونوں جامعات نے معاہدے پر عمل درآمد اور نگرانی کے لیے مرکزی رابطہ افسران بھی نامزد کیے۔