وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا پہنچ گئے، پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری ایگزیبیشن میں شرکت کریں گے

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:52

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا پہنچ ..
عدیس ابابا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا پہنچ گئے ۔ بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان 16 سے 18 اکتوبر 2025ء تک عدیس ابابا میں منعقد ہونے والی 5 ویں پاکستان-افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری ایگزیبیشن میں شرکت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں ۔

وفاقی وزیر تجارت کا ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ برہانو تسیگے، ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عبدالحکیم ملو، تجارت اور علاقائی انضمام کے وزیر مملکت دیوانو کیدیر، وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری سفیر جمال بیکر اور عدیس ابابا میں پاکستانی سفارت خانے کے افسران بشمول ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسر نے جام کمال کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔

(جاری ہے)

وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام5 ویں پاکستان-افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری ایگزیبیشن افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی روابط کو گہرا کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے ایک اہم اقدام کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ایتھوپیا میں اس سال کا ایڈیشن پاکستان کی "لک افریقہ پالیسی" کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جس کا مقصد برآمدی منڈیوں کو متنوع بنانا اور افریقہ کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔

اس نمائش میں ٹیکسٹائل،فارماسیوٹیکل، انجینئرنگ، آئی ٹی، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی 110 سے زائد معروف پاکستانی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی صنعتی صلاحیت اور برآمدی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہیں۔دورے کے دوران وزیر تجارت ایتھوپیا کے ہم منصب، اعلیٰ سرکاری حکام اور کاروباری رہنمائوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔یہ تقریب افریقی براعظم میں باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری قائم کرنے اور تجارتی سفارت کاری کے ذریعے جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔