والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے انارکلی مقبرے کی بحالی کے کام کا 70 فیصد مکمل کر لیا

بدھ 15 اکتوبر 2025 17:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے انارکلی مقبرے کی بحالی کے کام کا 70 فیصد مکمل کر لیا۔ ترجمان کے مطابق والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی تاریخی انارکلی مقبرے کی بحالی کے کام کو جاری رکھے ہوئے ہے، جو مغلیہ دور کے اہم تاریخی یادگاروں میں سے ایک ہے۔ یہ منصوبہ جولائی 2024ء میں شروع ہوا جس کی کل لاگت 181ملین روپے ہے اور توقع ہے کہ یہ جون 2026تک مکمل ہو جائے گا۔

اب تک تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔منصوبے کا مقصد مقبرے کی اصل ساخت اور ڈیزائن کو بحال کرنا اور اس کی حفاظت کرنا ہے۔ اب تک درج ذیل کام کیے جا چکے ہیں جن میں عمارت کی ساخت کو مکمل طور پر مستحکم کیا گیا ہے،عمارت کے اندر اور باہر چونے کے پلستر کا کام 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے،اسٹکو ٹریسری (سجاوٹی پلستر ڈیزائن)80 فیصد مکمل ہو چکی ہے،روایتی غالب کاری اور مقرنس کاری (سجاوٹی چھت کا کام)70 فیصد مکمل ہو چکی ہے، فرش کا کام 40 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور فریسکو لائننگ 30 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں فریسکو پینٹنگ کا کام انجام دیا جائے گا۔ فریسکوز کے لیے، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ماہرین کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ مقبرہ کی عمارت میں موجود اصل پینٹنگز کا مطالعہ کیا جا سکے اور ان کی بحالی یا حفاظت کی حکمت عملی تیار کی جا سکے۔اس حوالے سے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر کنزرویشن عظیم داد نے کہا کہ انارکلی مقبرے کی بحالی ہماری تاریخ کو دوبارہ زندہ کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔

ہم روایتی طریقے اور ماہر کاریگروں کی مدد سے یہ یادگار آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنا رہے ہیں ۔ یہ لاہور کی ثقافتی ورثے کے لیے ایک فخر کا لمحہ ہوگا۔یہ منصوبہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے بڑے مشن کا حصہ ہے جس کا مقصد لاہور میں تاریخی مقامات کی حفاظت کرنا اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ مکمل ہونے کے بعد، انارکلی مقبرہ مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک اہم ثقافتی اور تاریخی مقام ہوگا۔

متعلقہ عنوان :