کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت امن و امان، تجاوزات کے خاتمے، دفعہ 144 کے نفاذ اور عوامی سہولیات کی بحالی سے متعلق اجلاس

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت امن و امان، تجاوزات کے خاتمے، دفعہ 144 کے نفاذ اور عوامی سہولیات کی بحالی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں ضلعی انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس منعقد کریں اور امن عامہ کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے،تمام اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسپانس دیا جاسکے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن زینیا ہمایوں، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سبطین کاظمی، سی او میونسپل کارپوریشن عمران علی، سول ڈیفنس آفیسر سنجیدہ خانم و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ حالیہ احتجاج میں سڑکوں اور پلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی فوری مرمت اور بحالی کے کام مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر نے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے واضح احکامات دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کو ریز کیا جائے اور واگزار شدہ زمینوں پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں رہ کر مسائل کے حل کو یقینی بنائیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :