لاہور سول کورٹ، ایل ڈی اے پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ پر قابو پا لیا، کولنگ کا عمل جاری

جمعرات 16 اکتوبر 2025 11:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) لاہور کی سول کورٹ، ایل ڈی اے پلازہ میں جمعرات کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ ایل ڈی اے پلازہ کے تیسرے اور چھٹے فلور پر لگی، ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت سے ایک فیملی کے 8 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، اس وقت عمارت میں کوئی شخص موجود نہیں۔ذرائع کے مطابق سول کورٹ کی عمارت میں دھواں بھر جانے سے عدالتی عملہ اور وکلا کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع پاکر سیشن جج لاہور طارق خورشید خواجہ ،فوکل پرسن سکیورٹی شکیب عمران قمر ،سینئر سول جج شفقت عباس بگھیانہ موقع پر پہنچ گئے۔اس موقع پر سیشن جج لاہور کو سول کورٹ میں لگنے والی آگ پر بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :