مہوش حیات کو اپنی ہیروئن بنائوں گا، فہد مصطفی کو اچھا لگے گا، صلاح الدین تنیو

جمعرات 16 اکتوبر 2025 12:10

مہوش حیات کو اپنی ہیروئن بنائوں گا، فہد مصطفی کو اچھا لگے گا، صلاح الدین ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) سینئر اداکار اور فہد مصطفی کے والد صلاح الدین تنیو نے کہا ہے کہ اگر انہیں فلم میں بطور ہیرو کاسٹ کیا گیا اور ان سے ہیروئن سے متعلق پوچھا گیا تو وہ مہوش حیات کو ہیروئن کے طور پر لیں گے، ان کے بیٹے فہد مصطفی کو اچھا لگے گا۔صلاح الدین تنیو نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے ایک گائوں سے ہے لیکن وہ کئی سال قبل ہی صوبائی دارالحکومت کراچی منتقل ہوگئے تھے۔ان کے مطابق انہوں نے گائوں میں اپنی تمام زرعی زمینیں بیچ کر کراچی میں ملکیت بنائی، ان کے گائوں میں چوری، ڈاکہ زنی اور ڈاکو کلچر بڑھ ریا تھا، اس لیے انہوں نے گائوں کو خیرباد کہا۔

(جاری ہے)

صلاح الدین تنیو کے مطابق ان کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے، سب سے چھوٹے فہد مصطفی ہیں اور وہ انہیں پیار سے سنی بلاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فہد مصطفی دوسروں کے لیے سپر اسٹار ہوگا، ان کے لیے وہ سنی ہی ہیں، وہ ان سے گھر کے کام بھی کرواتے ہیں، وہ انہیں باقی بچوں سے زیادہ پیار کرتے ہیں، وہ ان کے ساتھ بستر پر آکر سوجاتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہ دیا، اب وہ اداکاری نہیں کریں گے، انہوں نے جتنا کام کیا، وہ ٹھیک تھا، اب اداکاری اور شوبز بھی تبدیل ہوچکی ہے، اس لیے اب ان کی ضرورت بھی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کیریئر کے عروج پر ہی اداکاری چھوڑی، وہ کمبل نہیں بننا چاہتے، بہت سارے لوگ ایسے ہوں گے، جو انہیں پسند نہیں کرتے ہوں گے، اس لیے انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ چاہتے تھے کہ فہد مصطفی فارمیسی کی تعلیم مکمل کرکے ملازمت کرے، وہ نہیں چاہتے تھے کہ بیٹا اداکار بنے۔