پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے زیر اہتمام کتب پر تعارفی نشست کا انعقاد

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب کے زیراہتمام انگریزی اور اردو ادب کی دو قابلِ ذکر کتب کے تعارف پر مشتمل ایک خصوصی نشست منعقد کی گئی۔ اس ماہ کے لیے منتخب کتب میں جارج آرویل کی شہرہ آفاق انگریزی ناول‘‘1984’’اور ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی کی مرتب کردہ اور مدون کردہ اردو تصنیف‘‘کپور نامہ: کلیاتِ نثر، کنہیا لال کپور’’شامل تھیں۔

اس موقع پر چیف لائبریرین ڈاکٹر ہارون عثمانی، صدر اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن پروفیسر ڈاکٹر امجدعباس مگسی، سیکریٹری ڈاکٹر محمد اسلام، ڈی جی سٹوڈنٹس افیئرز، اسٹیٹ اینڈ سکیورٹی ڈاکٹر ریحان صادق شخ، ڈائریکٹرشعبہ امور طلبہ ڈاکٹرشاہزیب خان، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انگریزیر ی ناول‘‘1984’’پر تعارفی گفتگو پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف انگلش سٹڈیز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ڈائریکٹرشعبہ امور طلبہ ڈاکٹرشاہزیب خان نے کی۔

انہوں نے ناول میں پیش کیے گئے آمرانہ نظام، ریاستی نگرانی اور سچائی میں تحریف جیسے موضوعات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آرویل کا تصورِ ڈسٹوپیا آج کے دور میں بھی نہایت معنی خیز اور سبق آموز ہے۔چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی نے اپنی اردو کتاب‘‘کپور نامہ’’کے تعارف کے دوران کنہیا لال کپور کے طنز و مزاح کے منفرد اسلوب پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ کپور کا اسلوب سچائی، خلوص اور معاشرتی بصیرت سے بھرپور ہے جو اردو ادب میں دیرپا اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کپور کے گہرے سماجی تبصروں اور انسانی رویّوں پر لطیف مگر مؤثر تنقید کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر ہارون عثمانی نے تمام شرکاء اور معاونین کاشکریہ ادا کیا جنہوں نے مسلسل لائبریری بک کلب کی کامیابی اور فروغ میں اپنا کردار ادا کیا۔

یہ نشست ایک خاص اہمیت کی حامل تھی کیونکہ یہ ڈاکٹر ہارون عثمانی کے بطور چیف لائبریرین آخری پروگرام کے طور پر منعقد ہوئی، جس کے ساتھ ان کی بھرپوراور باوقار مدتِ ملازمت کا اختتام ہوا۔ اس موقع پرشرکاء نے ڈاکٹرہارون عثمانی کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں علمی و ادبی ماحول کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔